نئی دہلی،9؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی جے پی صدر امت شاہ نے کہا ہے کہ نریندر مودی حکومت ایسے فیصلے نہیں لیتی جو لوگوں کو اچھے نظر آتے ہیں، بلکہ ایسے فیصلے لینے میں یقین کرتی ہے، جو لوگوں کے لیے اچھے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے گزشتہ تین سالوں کی مدت کے دوران کل براہ راست ٹیکس دہندگان کی تعداد دوگنی ہوگئی ہے۔یہ 3.7ملین سے 6.4ملین تک بڑھ گئی ہے۔انہوں نے صنعتی گروپ فکی کے ایک سیشن میں کہا کہ 30کروڑ نئے بینک اکاؤنٹ کھلے ہیں اور کرنسی بینک سے سات کروڑلوگوں کوفائدہ پہنچاہے۔امت شاہ نے کہاکہ ہم نے ملک کی معیشت کوآگے بڑھانے میں بہت محنت کی ہے اور نوٹ بندی ایک مثال ہے۔امت شاہ نے کہاکہ اگر ہر گھر میں ٹوائلٹ، بجلی اور ایل پی جی سلنڈرہوں گے تواس سے نہ صرف جی ڈی پی بڑھے گی، بلکہ لوگوں کا معیارزندگی بھی بڑھے گا۔شاہ نے یہ بھی کہاکہ اقتصادی اور صنعتی ترقی کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 30سال میں پہلی بار اکثریت والی پارٹی اقتدارمیں آئی ہے اور ملک کے لوگوں نے اس تبدیلی میں فیصلہ کن کرداراداکیاہے۔